سرینگر: مرکز کے زیر انتظام لداخ کی انتظامیہ نے لیہہ اور کارگل کی میونسپلٹیز کو 13 سے بڑھا کر 17 وارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ دونوں بلدیاتی اداروں کی میعاد ختم ہونے کے ساتھ ہی حد بندی میں پنچایتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 193 ہو جائے گی۔ اس وجہ سے آئندہ موسم گرما میں لداخ میں انتخابات ہو سکتے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیہہ اور کارگل میونسپلٹیوں کی میعاد اس ماہ ختم ہو رہی ہے۔ اس کے بعد خطے کی 193 پنچایتوں کی میعاد بھی رواں مہینے کی ختم ہو جائے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ"دونوں میونسپلٹیز کے انتخابات اس سال اکتوبر۔نومبر میں ہونے والے تھے، لیکن کارگل ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات اور موسم سرما کے آغاز اور میونسپلٹیوں کی حد بندی کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا۔ افسران نے کہا کہ وارڈز کی تعداد میں اضافہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ زیادہ آبادی لیہہ اور کارگل دونوں میونسپلٹی کے آس پاس کے دیہی علاقوں سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارڈز کی تعداد بڑھانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔