مرکز کے زیر انتظام لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے ریاست اتراکھنڈ کے محکمہ پنچایت راج کے تعاون سے لداخ کے سرپنچوں کے لیے منعقد پانچ روزہ ٹریننگ کم ایکسپوزر دورہ کے ورچوئل افتتاحی اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر یوٹی انتظامیہ نے 168 سرپنچوں کے لئے تربیت / صلاحیت سازی کے ساتھ ساتھ ایک نمائش کے دورے کا اہتمام کیا ہے جس میں کرگل کے 86 اور لیہہ کے 82 سرپنچ شامل ہیں تاکہ یہ اتراکھنڈ میں بہترین طریقوں اور پنچایتی راج اداروں کے مؤثر کام کاج کا مطالعہ کرسکیں۔
پہلا وفد 43 سرپنچ ، دو بی ڈی اوز اور تین لیڈی ٹرینیز پر مشتمل ہے جن کی تربیت آج سے شروع ہوگئی ہے اور 40 کے قریب سرپنچوں کا دوسرا وفد 10 فروری سے اپنی تربیت شروع کرنے والا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اتراکھنڈ حکومت کا لداخ کے سرپنچوں کے لئے ان تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی تربیت مستقبل میں اچھے نتائج برآمد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ لداخ میں پی آر نظام نیا ہے اور کووڈ 19 وبا کے چیلینج کے ساتھ ایک مناسب نظام قائم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ 19 کے معاملات میں کمی کے ساتھ ہی پنچایتی راج نظام کو تیزی سے فعال بنایا جائے گا۔