لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن کے صدر تھپستن چیوانگ نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں اقامتی قوانین وضع کئے جانے تک ریکروٹمنٹ قوانین بے معنی ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے التجا ہے کہ اقامتی قوانین کے نفاذ کے مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے اور لداخ کو چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظات کی فراہمی کے معاملے پر مزید تاخیر کئے بغیر مذاکرات شروع کئے جائیں۔
تھپستن چیوانگ نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا: 'ہم یونین ٹریٹری انتظامیہ کا تہہ دل سے شکر ادا کرتے ہیں۔ یہاں کے نوجوان ریکروٹمنٹ قوانین وضع کئے جانے کا پچھلے قریب دو سال سے انتظار کر رہے تھے۔ یہاں بار بار کہا جاتا تھا کہ سات ہزار اسامیاں خالی ہیں لیکن ریکروٹمنٹ قوانین نہ ہونے کی وجہ سے بھرتی عمل شروع نہیں ہو رہا تھا'۔
انہوں نے کہا: 'ریکروٹمنٹ قوانین میں صاف کہا گیا ہے کہ سروس سلیکشن بورڈ کی طرف سے مشتہر کی جانے والی اسامیوں کے حقدار صرف یہاں کے مقامی نوجوان ہوں گے۔ لیکن جب تک یہاں کے نوجوانوں کے پاس ڈومیسائل سرٹیفکیٹ نہیں ہوں گے تب تک وہ بھرتی عمل میں حصہ نہیں لے پائیں گے'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'ابھی تک لداخ میں اقامتی قوانین نافذ نہیں کئے گئے ہیں۔ ہم یونین ٹریٹری انتظامیہ سے لے کر مرکزی وزیر داخلہ سے التجا کرتے آئے ہیں کہ اقامتی قوانین کے نفاذ کے مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے'۔