لداخ یونین ٹیریٹری کو مکمل ریاستی درجہ دیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خطے کے سیاستدانوں نے مرکزی سرکار کے سامنے چار نکاتی مطالبہ پیش کیا۔
چیف ایگزیکٹیو کونسلر (سی ای سی) فیروز خان نے کہا کہ ’’اتوار کو، اپیکس باڈی لیہہ و کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) نے مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے لیے میٹنگ کا انعقاد کیا جو پانچ گھنٹوں تک جاری رہی۔ میٹنگ کے دوران دونوں گروپس نے مشترکہ طور چار نکاتی مطالبے پر اتفاق کیا۔‘‘
سی ای سی نے مزید کہا کہ ’’مطالبات میں لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ، مکمل آئینی تحفظ، پشتینی رہائشی سرٹیفکیٹ، ایک راجیہ سبھا سیٹ کے علاوہ لیہہ اور کرگل کے لیے علیحدہ پارلیمانی نشستیں شامل ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’کرگل اور لیہہ کی جانب سے ان مطالبات کو تسلیم کرانے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جو اگلے دورے میں وزارت داخلہ کے ساتھ بات چیت کرے گی۔‘‘ انہوں نے اس ضمن میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں چار ممبر ہوں گے جو کرگل اور لیہہ کی نمائندگی کریں گے۔