سرینگر (جموں و کشمیر):ہائی کورٹ آف جموں کشمیر اینڈ لداخ نے مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات کا سو موٹو، یعنی از خود نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس نونگمیکاپم کوٹیشور سنگھ اور جسٹس سنجے دھر کی بنچ نے اپنے ممبر سیکریٹری کے ذریعے لیگل سروسز اتھارٹی سمیت کئی حکام کو نوٹس جاری کیا ہے اور انہیں دو ہفتوں کے اندر اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بینچ کا کہنا تھا کہ ’’اس عدالت کے چیف جسٹس کے نوٹس میں کچھ حقائق لائے جانے پر عدالت کی طرف سے پی آئی ایل سو موٹو کی گئی ہے، جس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ لداخ میں کتوں کے کاٹنے کے رجسٹرڈ معاملے 2017 میں 854 سے بڑھ کر 2022 میں 2229 ہو گئے ہیں اور صرف جنوری 2023 میں تقریباً 220 افراد کو کتوں نے کاٹا ہے۔‘‘