سرینگر (جموں و کشمیر):ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اینڈ لداخ نے جمعرات کو انتظامیہ کو ہدایت دی کی وہ جموں کشمیری نیشنل کانفرنس (این سی) کے امیدواروں کو آنے والے ’’لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی)‘‘ کے انتخابات میں پارٹی کے الیکشن سمبل (انتخابی نشان) ’’ہل‘‘ کا استعمال کرتے ہوئے حصہ لینے کی اجازت دیں۔ اس پیش رفت کو نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’’بڑی کامیابی‘‘ قرار دیا ہے۔
سماجی رابطہ گاہ ایکس (ٹویٹر) پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا: ’’ہائی کورٹ میں آج نیشنل کانفرنس کی ایک بڑی جیت ہوئی۔ عدالت نے مرکزی زیر انتظام لداخ کی انتظامیہ کو ’ایل اے ایچ ڈی سی‘ کے انتخابات میں شرکت کے لیے پارٹی کے امیدواروں کو ہل کا نشان الاٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان انتخابات کے لیے چند روز قبل نوٹیفکیشن جاری کی گئی تھی۔‘‘ عمر عبداللہ نے مزید کہا: ’’ہمارے وکیل شارق ریاض نے عدالت میں این سی - کرگل کے لیے اس اہم جیت کو حاصل کرنے میں ایک بہترین کام کیا۔‘‘