بھارتی وزارت دفاع کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’گزشتہ ایک ہفتے سے ہند چین افواج کے درمیان جھیل کے جنوبی طرف کشیدگی بڑھتی جا رہی تھی، وہیں اب پینگانگ جھیل کے شمال میں بھی چینی افواج نے اپنی تعیناتی بڑھا دی ہے۔ یہ بہت پریشان کرنے والی بات ہے کیونکہ اب جھیل کے دونوں طرف سے چین کی درندازی بڑھتی جا رہی ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ آج شام کو دونوں ممالک کے کمانڈرز کے درمیان اس حوالے سے مذاکرات ہونے ہیں۔ لیکن پینگانگ جھیل کے شمال میں، جہاں فنگر 4 سے 8 واقع ہیں، پیپلز لبریشن آرمی نے اپنے سپاہیوں کی تعیناتی بڑھا کر ہماری مشکل بڑھا دی ہے۔ اب جھیل کے دونوں طرف چین کے فوجی کافی زیادہ تعداد میں تعینات ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یہ بات تب سامنے آئی ہے جب آئندہ کل ہند - چین کے وزراء کو ماسکو میں شنگھائی کواپریشن آرگنائزیشن کی ایک میٹنگ کے دوران آمنا سامنا ہوگا۔