لیہہ (لداخ):جمعہ کے روز لداخ کے بزگو نیمو میں ٹریفک کے ایک المناک حادثے میں ڈرائیور سمیت کنڈیکٹر کی موت واقع ہو گئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ایل پی ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK03D/5004 جو سرینگر سے لیہہ کی طرف جا رہا تھا اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر بزگو نیمو علاقے کے قریب 400 فٹ گہری گھائی میں جا گری۔ جس کے نتیجے میں دو افراد کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس، فوج اور مقامی باشندے موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ذرائع کے مطابق کنڈیکٹر سمیت گاڑی کے ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہو چکی تھی۔ حادثہ میں فوت ہونے والے میں شاہنواز صدیق صوفی ساکنہ سالورہ، گاندربل اور ظہور احمد وانی ساکنہ ینگوورا، گاندربل کے طور پر ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں لداخ پولیس نے کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ لداخ پولیس کے مطابق فوت ہوئے دونوں افراد کو طبی و قانونی لوازمات کے لیے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد آخری رسومات کے لیے فوت ہوئے دونوں افراد کی جسد خاکی کو لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔ ادھر، فوت ہوئے افراد کے آبائی علاقوں میں حادثہ کی خبر پہنچنے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔