سرینگر (نیوز ڈیسک):گزشتہ روز یونین ٹیریٹری لداخ کے لیہہ ہوائی اڈے پر نوجوانوں کے مندوبین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وائی 20 اجلاس جی 20 سربراہی اجلاس کے ایک حصے کے طور پر 26 سے 28 اپریل تک لیہہ میں منعقد ہو رہا ہے۔ جی 20 ممالک اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے وائی 20 نمائندے اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ نوجوان تین روزہ وائی 20 پری سمٹ میں شرکت کے لیے کل لیہہ پہنچے تھے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ لداخ کے لیے وائی 20 میٹنگ کی میزبانی کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے اور اس ضمن میں اس اہم تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 28 اپریل کو مختلف ممالک کے نمائندوں کو مذہبی، تاریخی اور ثقافتی مقامات سمیت مختلف اہم مقامات پر بھی لے جایا جائے گا۔ اس کے بعد مندوبین 29 اپریل کو نئی دہلی واپس لوٹیں گے۔
لداخ کو جموں و کشمیر سے علیحدہ کرنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ (یونین ٹیریٹری) بنانے کے بعد یہاں یہ پہلا بڑا بین الاقوامی اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ اس اجلاس کے لیے لیہہ کے مرکزی بازار، سڑکوں اور اہم مذہبی اور تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ آرائش و نمائش میں لداخ کے منفرد ثقافتی اور ورثے کو پروموٹ کیا جا رہا ہے۔