کپوارہ (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، آر آر سوین نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ عوام کے خلاف نہیں ہے بلکہ ان لوگوں کے خلاف ہے جو اس تجارت میں ملوث ہیں اور جو پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ڈی جی پی نے ان باتوں کا اظہار شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں منعقدہ پولیس عوامی دربار کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
عوامی دربار کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ منشیات کے خلاف اور اس کاروبار میں ملوث ماسٹر مائنڈز کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا:ـ ’’ہمیں عوام کے تعاون کے لیے عوام کے ساتھ ذمہ داری سے پیش آنا چاہیے۔ ہمیں ان لوگوں میں فرق کرنا چاہیے جو منشیات کے کاروبار کے ماسٹر مائنڈ ہیں اور جو اس میں اپنے پیادوں کے طور پر کام کر رہے ہیں۔‘‘