سری نگر: جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے دیور لولاب علاقے میں درمیانی شب آتشزدگی کے ایک واقعے کے دوران تین رہائشی مکانات خاکستر ہوئے جب کہ اس دوران دو کمسن بھائی آگ کی لپٹوں میں پھنس کر رہ گئے اور دونوں جھلس جانے سے ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق دیور لولاب کے ککاڈ پتی گاؤں میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب محمد اکبر خان ولد عبدالعزیز خا ن کے مکان سے آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً آس پاس کے مزید دو مکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آتشزدگی کے اس واقعے کے دوران تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے۔ minor siblings charred to death in Kupwara
مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں آگ لگنے کے بعد دو کمسن بچے رہائشی مکان میں پھنس کر رہ گئے۔ اگر چہ اُنہیں بچانے کی خاطر سخت کوشش کی گئی تاہم آگ کی تپش کے باعث دونوں جھلس کر برسر موقع ہی ہلاک ہو گئے۔ کمسن بھائیوں کی شناخت 6 سالہ عامر احمد خان اور 3 سالہ سبزار احمد خان پسران محمد اکبر خان کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔