جموں و کشمیر کے ضلع کپوارہ کے شہر ہندوارہ کے مضافاتی علاقے گنڈ کمال کے لوگ پینے کا صاف پانی مہیا نہ کرائے جانے کے سبب برسوں سے پریشان ہیں۔
گنڈ کمال کی عوام صاف پانی کی برسوں سے منتظر لوگوں نے بتایا کہ' گنڈ کمال علاقہ ایک پسماندہ غریب گاؤں ہے جہاں کے لوگ اس اکیسوی صدی میں بھی پینے کے صاف پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کو پانی کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامان ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ' گاؤں میں نہ واٹر سپلائی کی پائپ لائن ہے نہ ہی صاف پانی کے لیے کوئی دوسرا انتظام ہے۔ ولرہامہ علاقے میں ایک ریزور اسٹیشن ہے جہاں سے گنڈ کمال علاقے تک پانی پہنچانا نا ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ' اگر یہی لائن زاگ سندری سے جوڑی جائے تو گنڈ کمال میں پانی کا مسئلہ حل ہوجاتا۔ اس بارے میں کئی بار محکمہ پی ایچ ای کے افسر سے بات کی لیکن انہوں نے بھی ہماری بات کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ گنڈ کمال کے لوگ ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ گندے پانی کے استعمال کے باعث لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔
انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے افسران سے مطالبہ کیا کہ' گنڈکمال میں صاف پانی کا انتظام کرنے کے لئے فوری طوراقدامات کیے جائیں۔ ورنہ گنڈ کمال کے لوگ سرینگر میں شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پرعائد ہوگی۔