سرینگر :مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر کی گرمائی راجدہانی سرینگر میں آج ضلع کپواڑہ کے سرحدی علاقہ ٹنگڈھار اور کرناہ کے لوگوں نے اپنی مانگوں کو لیکر سرینگر کی پریس کالونی میں جم کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجیوں کے مطابق سرحدی علاقہ ٹنگڈھار اور کرناہ کی عوام کافی عرصے سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق موسم سرما شروع ہوتے ہی مذکورہ علاقہ سے تمام تر رابطے منقطع ہو جاتے ہے ،جس کی وجہ سے تقربیاً ایک لاکھ آبادی باقی دنیا سے کٹ کے رہ جاتی ہے، جس کے وجہ سے علاقے میں لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
اس دوران احتجاج میں شامل مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈس موجود تھے،جن پر "ہمارے ساتھ انصاف کرو "کے نعرے اور "سادھنا ٹنل پر کام شروع کرو" کے نعرے درج تھے۔ منصور احمد نامی شخص نے ای ٹی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم سرحدی علاقہ ٹنگڈھار میں رہتے ہے، جو سرما میں بھاری برف باری کے سبب باقی دنیا سے کٹ کے رہ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ علاقہ کے لیے سادگنا ٹنل کے تعمیر کے لیے ڈی آئی پی آر آیا ہے تاہم ابھی تک اس ٹنل پر کام شروع نہیں ہوا ہے۔