جموں و کشمیر میں جاری ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے کے دوران ریاستی انتخابی کمشنر کے کے شرما نے ضلع کپواڑہ میں دو پولنگ مرکز پتشائی اور واورا کا دورہ کیا۔
ریاستی انتخابی کمشنر کے کے شرما اپنے دورے کے دوران کے کے شرما نے پولنگ عملہ، پارٹی ایجنٹوں، صحت کارکنان اور سیکیورٹی اہلکاروں سے گفتگو کی اور انتظامیہ کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات و انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس دوران الیکشن کمشنر کے ہمراہ ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پول، انسپکٹر جنرل پولیس وجئے کمار، ڈپٹی کمشنر کپوارہ انشول گرگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نذیر احمد لون اور متعلقہ آر او موجود تھے۔
اس موقع پر ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما نے کہا کہ آٹھ مراحل پر مشتمل طویل انتخابات میں لوگوں کی حصہ داری اور پرامن انعقاد یہ ظاہر کررہا ہے کہ جموں و کشمیر کی عوام جمہوری نظام میں دلچسپی کے ساتھ ساتھ اس پر مکمل بھروسہ رکھتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پولنگ اور انتخابات کا طریقہ کار کامیاب رہا اور لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، اور ریاستی الیکشن کمیشن کا مقصد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرانا ہوتا ہے۔
کے کے شرما نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران کووڈ-19 کے تمام ایس او پیز کو سختی سے نافذ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے پولنگ مراکز پر ماسک اور سینیٹائزر دستیاب کرایا گیا تھا۔
انہوں نے ووٹنگ کے وقت میں توسیع کے بارے میں کہا کہ وہ رائے دہندگان جو پولنگ مراکز کے احاطے میں تھے انھوں نے آسانی سے ووٹ ڈالے۔