ہندوارہ میں 50منشیات فروشوں پر این ڈی پی ایس ایکٹ عائد کپوارہ (جموں کشمیر) :منشیات کے بڑھتے رجحان کو قابو کرنے کے لئے شمالی کشمیر کے ہندوارہ علاقے میں سال 2023میں جموں و کشمیر میں منشیات مخالف کارروائیوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ایس ایس پی ہندوارہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ ویڈیو پیغام میں انہوں نے محکمہ پولیس کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے معاشرے کو محفوظ اور منشیات سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ایس ایس پی ہندوارہ داؤد ایوب نے ویڈیو بیان میں کہا: ’’سال2023میں پولیس ضلع ہندوارہ میں NDPS ایکٹ کے تحت مجموعی طور پر 50 مقدمات درج کیے گئے۔ جن میں سے 48 مقدمات کا چالان بھی کورٹ میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بقیہ دو معاملات کی بھی پوری طرح چھان بین کے بعد چالان پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات مخالفت کارروائیوں کے دوران ہندوارہ پہولیس نے ایک کروڑ روپے مالیت کی منشیات بھی ضبط کی ہے۔ اور ان کارروائیوں سے نہ صرف غیر قانونی منشیات کی سپلائی چین پر کاری ضرب لگی ہے بلکہ منشیات کا نیٹورک بھی کافی حد تک تباہ ہوا ہے۔ ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کی غیر منقولہ جائیداد بھی ضبط کی گئی اور سال 2023کے دوران ہندوارہ پولیس نے 7 کروڑ روپے کی مجموعی مالیت کی تین املاک کو بھی قرق کیا گیا۔
مزید پڑھیں:Kashmir Drug Menace: منشیات کی لت، تیس لاکھ روپے پھونک ڈالے
انہوں نے کہا: ’’اس اسٹریٹجک نقطہ نظر کا مقصد منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کی مالی بنیادوں کو کمزور کرنا ہے۔ اور یہ واضح پیغام ہے کہ حکام ایسی سرگرمیوں کو قطعاً برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ تاہم انہوں نے عوام سے بھی منشیات مخالف سرگرمیوں میں شرکت کرنے اور معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔