شمالی کشمیر کے سب ضلع ہندوارہ سے قریب 45 کلو میٹر دور بانڈی ہرل، ماور کی رہنے والی بینائی سے محروم ایک بزرگ اور غریب خاتون ٹین کے ایک شیڈ میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہے۔
کئی سال قبل ان کا شوہر فوت ہونے کے بعد خاتون کا جواں سال لڑکا بھی اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔ اس وقت وہ چھٹی کلاس میں زیر تعلیم اپنے کمسن بچے اور جسمانی کمزور ایک اور لڑکے کے ساتھ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہے۔ بزرگ خاتون مقامی باشندوں اور فلاحی اداروں کی امداد پر منحصر ہے کیونکہ اسکے گھر میں کمانے والا کوئی شخص نہیں۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ معمر خاتون کو آواس یوجنا کے تحت پختہ رہائشی مکان تعمیر کیے جانے کے وعدے کیے گئے، ان سے متعدد بار کاغذات حاصل کیے گئے تاہم اس ضمن میں آج تک ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔