کپواڑہ: فوج کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے دراندازی کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مژھل سیکٹر میں تین مئی کے آپریشن کو کامیابی سے انجام دیتے ہوئے دو جنگجوؤں کو مار گرایا گیا۔ ان باتوں کا اظہار برگیڈئر ونود سنگھ نیگی نے جمعرات کو زیڈ گلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ان کے ہمراہ ایس ایس پی کپوارہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے مژھل سیکٹر میں دو جنگجوؤں کو مارنے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 'انٹلی جنس ایجنسیوں کو لگاتار اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ سر حد پار لانچنگ پیڈس پر جنگجو دراندازی کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں جس کے پیش نظر علاقے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یکم مئی کو ایس ایس پی کپواڑہ نے مجھے فون پر بتایا کہ ایک یا دو مئی کی رات کچھ جنگجو در اندازی کرسکتے ہیں جس کے بعد علاقے میں اضافی فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی'۔ موصوف فوجی افسر نے کہا کہ فوجی جوانوں نے تین مئی کی صبح ساڑھے آٹھ بجے اے کے47 رائفلوں سے لیس دو جنگجوئوں کی حرکت دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں دونوں جنگجوئوں کو مار گرایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خراب موسمی حالات کے باوجود بہادر فوجی جوانوں نے یہ آپریشن کامیابی سے انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران جنگی اسٹور اور کھانے پینے کا سامان بر آمد کیا گیا۔