کپوارہ (جموں کشمیر) :ضلع مجسٹریٹ کپوارہ، آیوشی سودن، نے جمعرات کو ایک حکم جاری کرتے ہوئے ضلع کے باشندوں کہا ہے کہ وہ ’’سوشل میڈیا، نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کے ہر طرح کے غلط استعمال سے باز رہیں۔‘‘ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ ’’یہ حکم اس لیے جاری کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کچھ ملک دشمن عناصر یا گروہ، انٹرنیٹ خاص کر سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کا غلط استعمال کر رہے ہیں، جس میں خاص طور پر دہشت گرد اور علیحدگی پسند تنظیموں کے اشتعال انگیز پیغامات اور پروپیگنڈے کو ’فارورڈ‘ یا شیئر کرنا بھی شامل ہے۔
حکم نامے کے مطابق ’’ایسی سرگرمیاں اس مقصد کے ساتھ کی جا رہی ہیں کہ دہشت گردوں اور ان کے اقدامات کی تعریف اور ستائش کی جائے، عوام کو خوفزدہ کرنے، امن و امان کو درہم برہم کرنے اور ملکی، ریاستی سالمیت کو خطرہ پہنچانے کے علاوہ آپی بھائی چارے کو زک پہنچانے کی غرض سے بھی اس طرح کی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔‘‘ ضلع مجسٹریٹ (ڈی سی) کپوارہ نے 144 CrPC 1973کے حاصل اختیارات کو استعمال میں لاتے ہوئے ضلع کے باشندوں سے اس طرح کے مواد کو کسی بھی صورت میں اپلوڈ، فارورڈ، شیئر یا پوسٹ کرنے سے سختی سے پرہیز کرنے کی تلقین کی ہے۔