کپواڑہ: شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں نیشنل کانفرنس (این سی) کے سابق وزیر و این سی کے نائب صدر چودھری محمد رمضان نے ڈرگ اسمگلنگ کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے ڈی ڈی سی ممبر ایڈوکیٹ آمنہ مجید کے شوہر عبدالمجید صوفی کا استقبال کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ نیشنل کانفرنس کے رہنما ان کے استقبال کے لئے ان کے گھر گئے۔جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو میں سابق وزیر اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر چودھری محمد رمضان کو عبدالمجید صوفی کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ ڈی ڈی سی ممبر ایڈوکیٹ آمنہ مجید کے شوہر عبدالمجید صوفی کو سنہ 2021 میں ایک ڈرگ اسمگلنگ کیس میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور کچھ دنوں پہلے ہی اسمگلنگ کیس میں عدالت سے ضمانت ملی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ رمضان چودھری نے گھر میں داخل ہونے سے قبل عبدالمجید صوفی کو کہا کہ تو ہی چیو مبارک (آپ کو مبارک ہو)۔ خبر رساں ادارے کے رابطہ کرنے پر چودھری محمد رمضان نے اپنے اس اقدام کا دفاع کیا۔