کپواڑہ:سرحدی ضلع کپواڑہ کے ترہگام علاقے میں ریچھ نے پیر کی شام کمسن سمیت دو افراد کو زخمی کردیا۔ اطلاعات کے مطابق ترہگام کپواڑہ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ریچھ نے دو افراد پر حملہ کرکے انہیں شدید طورپر زخمی کر دیا۔
معلوم ہوا ہے کہ چیخ و پکار کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی آس پاس کے رہائش پذیر لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کی پہچان 48 سالہ فاطمہ بیگم زوجہ امین ملک اور 4 سالہ فہیم احمد ولد ملک رشید کے بطور ہوئی ہے۔
بتادیں کہ گزشتہ روز ہی شمالی کشمیر کے ہندواڑہ میں تیندوے نے ایک کمسن بچے کو نوالہ بنایا۔ جنگلی جانوروں کی جانب سے شہریوں پر لگاتار حملوں کے پیش نظر لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔