سرینگر (جموں و کشمیر):نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کو شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع کے ہندوارہ علاقے میں مبینہ عسکریت پسندی فنڈنگ کیس میں جیل میں بند کشمیری تاجر ظہور احمد شاہ وٹالی کی تین غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لیں۔ اس پیش رفت سے متعلق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وٹالی، جسے این آئی اے نے 2017 میں گرفتار کیا تھا، کی 13.3 مرلہ، 8.6 مرلہ اور 10.3 مرلہ اراضی، پیر کی صبح باغات پورہ، ہندوارہ میں این آئی اے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے منسلک (اٹیچ) کر دی۔
اٹیچ کی گئی اراضی پر این آئی اے کی جانب سے ایک نوٹس بھی چسپاں کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ جائیداد این آئی اے نے ایک مبینہ عسکریت پسندی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں ضبط کی ہیں جس کی تحقیقاتی ایجنسی کے ذریعہ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ این آئی اے نے خصوصی این آئی اے عدالت - پٹیالا ہاؤس کورٹس، نئی دہلی - کے احکامات پر اس کیس (RC-10/2017/NIA/DLI) کے سلسلے میں اس سال 31 مئی کو سرینگر کے باغات علاقے میں، گرودوارہ کے قریب، وٹالی کے گھر کو پہلے ہی منسلک کیا ہے۔