کپواڑہ:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر آج ملک میں کامیابی کی ایک نئی کہانی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی اقتصادی ترقی لچک اور طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہم ہر شعبے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شمالی ضلع کپواڑہ میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے آج کپواڑہ میں زائد از 26 کروڑ لاگت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ اس سرحدی ضلع نے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں قابل ذکر تعمیر کا آغاز کیا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ رواں مالی سال کے دوران 3 ہزار 2 سو 41 کاموں کو مکمل کرنے کا ہدف رکھتی ہے تاکہ مستقبل کی ترقی اور تمام شعبوں میں پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
منوج سنہا نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران کپواڑہ کی ترقی کا سفر غیر معمولی رہا۔
انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ مالی سال کے دوران ضلع میں 2 ہزار 4 سو 44 ترقیاتی کام مکمل کیے گئے۔ جموں وکشمیر انتظامیہ نے سیاحتی شعبے کو فروغ دیا تاکہ اس خوبصورت علاقے کے لوگوں کے سماجی و اقتصادی حالات بدل جائیں اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع وسیع ترہو جائیں'۔