کپواڑہ:شمالی ضلع کپوارہ کے معروف سیاحتی مقام وادی بنگس کی دلفریب فضاؤں میں ضلع انتظامیہ کپواڑہ اور محکمہ سیاحت نے ایک بڑے میلہ کا انعقاد کیا۔ میلے کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ خالد جہانگیر اور ناظم سیاحت کشمیر جی این ایتو نے کیا۔ کمانڈر 7 سیکٹر آر آر، وکرانت پٹیل، اے ڈی سی کپواڑہ، غلام نبی بٹ کے علاوہ ڈی ڈی سی راجوار محمد سلیمان میر، بی ڈی سی چیئرپرسن زچلدرا، سی ای او کپواڑہ، ضلع افسران کے علاوہ طلباء اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر خالد جہانگیر نے محکمہ سیاحت، سول انتظامیہ اور فوج کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وادی بنگس اور کپواڑہ ضلع کے دیگر سیاحتی مقامات کو فروغ دینے اور ان کی تشہیر کرنا ایک بہترین پہل ہوگی تاکہ غیر دریافت شدہ مقامات کی سیاحتی خصوصیات کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کے لیے روزی روٹی کے موقع پیدا ہوں گے کیونکہ یہ ایک روزگار پر مبنی سرگرمی ہے۔ سڑک کنیکٹیویٹی کا حوالہ دیتے ہوئے خالد جہانگیر نے کہا کہ ورجن بنگس وادی اب ٹی پی، نوگام اور درنگیاری جیسے تینوں اطراف سے جڑ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اونچائی کا مقام ہونے کی وجہ سے سڑکوں کی تعمیر کی راہ میں مشکلات پیش آرہے ہیں لیکن کام زور و شور سے جاری ہے اور آنے والے دنوں میں ترقیاتی خطوط پر بہت بڑی تبدیلی نظر آئے گی۔
ناظم سیاحت جی این ایتو نے کہا کہ کپواڑہ ضلع کے غیر دریافت کنواری سیاحتی مقامات کو فروغ دینے میں محکمہ سیاحت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بنگس ایک کامیابی کی کہانی ہے جس میں حالیہ برسوں میں مقامی اور قومی دونوں طرح کے سیاحوں کا اچھا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ محکمہ سیاحت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کی بدولت اس سال کنواری وادی میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔