اردو

urdu

ETV Bharat / state

Gusty Winds In Kashmir طوفانی آندھی اور شدید ژالہ باری کی قہر سامانیاں، ایک درجن مکانوں کو نقصان - طوفانی آندھی اور شدید ژالہ باری

جمعرات کی سہ پہر کو وادی کے شمال و جنوب میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی طوفانی آندھی کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی۔ اس دوران ایک درجن کے قریب مکانوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔

gusty-winds-create-fair-in-kashmir-hailstorm-damages-orchards
طوفانی آندھی اور شدید ژالہ باری کی قہر سامانیاں، ایک درجن مکانوں کو نقصان

By

Published : May 25, 2023, 10:26 PM IST

Updated : May 25, 2023, 10:51 PM IST

طوفانی آندھی اور شدید ژالہ باری کی قہر سامانیاں، ایک درجن مکانوں کو نقصان

سرینگر:وادی کشمیر میں جمعرات کی سہ پہر کو طوفانی ہوائیں چلنے اور شدید ژالہ باری سے ایک درجن کے قریب مکانوں اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم مکین معجزاتی طورپر بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔اس دوران شہرہ آفاق جھیل ڈل میں کشتیوں میں پھنسے ہوئے ایک درجن کے قریب سیاحوں کو ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس نے محفوظ جگہ منتقل کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو وادی کے شمال و جنوب میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی طوفانی آندھی کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا۔شمالی ضلع بارہ مولہ کے کھامو ، رفیع آباد، واگورہ ، کریری اور لڈورا، پتو کھاہ ، وتر گام پٹن اور سوپور میں قہر انگیز ژالہ باری نے کھیت کھلیانوں اور باغات کو نقصان سے دوچار کیا۔

متاثرہ علاقوں میں ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ لوگ چھتوں پر کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کپواڑہ کے ہائی ہامہ ، گتلی پورہ ، کرالہ پورہ ، ترہگام، سوگام ، درگمولہ اور سلہ کوٹ میں بھی شدید ژالہ باری سے سیب کے باغات کو نقصان پہنچا۔ایک معمر شہری نے بتایا کہ اپنی پوری زندگی میں ایسی ژالہ باری نہیں دیکھی ۔ان کے مطابق ایک اولے کا وزن ایک سو سے ڈیڑھ سو گرام تھا جس وجہ سے گاڑیوں کے شیشے بھی چکنا چور ہوئے۔

ادھر جنوبی کشمیر میں بھی سہ پہر کے بعد ترال کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہوائیں چلنے سے ایک درجن کے قریب رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے پنگلش ترال میں محمد اقبال شیخ کے مکان کو نقصان پہنچا، شاجن میں غلام محمد اور گامراج ترال میں کلونت سنگھ کے مکان پر بھاری برکم درخت گر آیا جس وجہ سے مکان کو نقصان پہنچا تاہم مکین معجزاتی طورپر بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔دیور ترال میں بیکری کارخانے پر چار کی شاخ گرنے کی وجہ سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔وہیں ترال کے متعدد علاقوں میں رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ طوفانی آندھی چلنے کی وجہ سے ترال میں بجلی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور وسیع آبادی گھپ اندھیرے میں ڈوب گئی ہے۔

دریں اثنا سری نگر کے شہر آفاق جھیل ڈل میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے کئی کشتیاں ڈل کے بیچ و بیچ پھنس کر رہ گئیں۔اس دوران ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر کم از کم ایک درجن سیاحوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا۔سرینگر کے مضافاتی علاقوں میں بھی کئی درخت گر آئے ہیں۔وسطی ضلع بڈگام سے بھی تیز ہوائیں چلنے سے متعدد درخت اکھڑ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:Gusty Winds In Kashmir کشمیر میں تیز ہواؤں سے کئی تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان

وہیں کپواڑہ ضلع میں مختلف علاقوں میں جمعرات کے دوپہر کے بعد موسم میں اچانک تبدیلی آئی جس کے نتیجے میں شدید ژالہ باری نے تباہی مچا دی۔ اس دوران میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ دھان کی پنیری کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ کسانوں کے مطابق 10 منٹ تک جاری رہنے والی ژالہ باری سے مکئی، دھان کی پنیری، سیب اور چیری کے باغات میں تباہی مچ گئی ہے۔وہیں کسانوں نے انتظامیہ سے ژالہ باری میں ہوئے نقصانات کے لیے معقول معاوضہ دینے کی اپیل کی ہے۔

Last Updated : May 25, 2023, 10:51 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details