اردو

urdu

ETV Bharat / state

کشمیر: کورونا میں مبتلا ایک نوجوان سمیت دو کی موت

شمالی کشمیر کے دو الگ الگ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایک سن رسیدہ خاتون اور ایک اب تک کے سب سے کم عمر مریض کا موت کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے جموں کشمیر میں اب تک کورونا سے متعلق اموات کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

کورونا نے ایک اور جان لے لی
کورونا نے ایک اور جان لے لی

By

Published : Jun 2, 2020, 3:35 PM IST

Updated : Jun 2, 2020, 8:13 PM IST

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والی ایک 80 سالہ خاتون کی پیر کے روز موت واقع ہونے کے بعد منگل کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کے پرنسپل ڈاکٹر عبدالحمید نے بتایا کہ پیر کے روز ایک معمر خاتون کو ہسپتال مردہ لایا گیا جہاں اس کے نمونے ٹیسٹ کے لئے اٹھائے گئے اورمتوفی خاتون کا منگل کے روز ٹیسٹ رپورٹ مثبت آیا۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی خاتون کی لاش کو ہسپتال کے لاش گھر میں رکھا گیا تھا اور وہ کئی بیماریوں میں مبتلا تھی۔

دریں اثنا شمالی کشمیر کے ہی ضلع کپواڑہ کے وارنو لولاب سے تعلق رکھنے والے ایک 29 سالہ نوجوان جس کی موت شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں یہاں پیر کو واقع ہوئی تھی، کا ٹیسٹ منگل کے روز مثبت آیا۔

متوفی نوجوان جموں وکشمیر میں اب تک کورونا میں مبتلا ہوکر مرنے والوں میں سب سے کم عمر ہے۔

ایس ایم ایچ ایس کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے بتایا کہ متوفی نوجوان نمونیا اور سانس لینے کی تکلیف میں مبتلا تھا اور ہسپتال میں داخل ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد ہی اس کی موت واقع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ متوفی کی لاش کو جی ایم سی کے لاش گھر میں رکھا گیا تھا اور منگل کے روز اس کو تمام تر پروٹوکال کے تحت لواحقین کے سپرد کیا گیا۔

بتادیں کہ جموں وکشمیر میں پیر کے روز کورونا سے تین مریضوں کی موت واقع ہوئی تھی۔

شمالی کشمیر کے ان دو افراد کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا میں مبتلا ہوکر مرنے والوں کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی ہے جن میں سے 29 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ 4 جموں کے رہنے والے ہیں۔

کشمیر میں ضلع سرینگر میں سب سے زیادہ اموات درج ہوئی ہیں جہاں اب تک کورونا سے 7 افراد کی موت واقع ہوئی ہے اس کے بعد ضلع بارہمولہ میں چھ، اننت ناگ میں پانچ، کولگام میں چار، شوپیاں میں تین، ضلع بڈگام میں دو اور کپوارہ و پلوامہ اضلاع میں ایک ایک مریض کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔

دریں اثنا سرینگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع کووڈ 19 ہسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ تاہم مذکورہ ڈاکٹر، جو کہ ایک شعبے کے سربراہ ہیں، کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔

Last Updated : Jun 2, 2020, 8:13 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details