کپواڑہ:شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں جاری ایک انکاوئنٹر کے دوران 2 درانداز مارے گئے۔ پولیس کے مطابق علاقہ میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔اس حوالے سے جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ مژھل سکیٹر ایل او سی کے قریب سکیورٹی فورسز اور دراندازوں کے درمیان انکاؤنٹر میں کئی درانداز ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ دراندازوں کے بارے میں ابھی صحیح تعداد بتانا مشکل ہے۔آپریشن اختتام ہونے کے بعد اس انکاؤنٹر میں مارے گئے عسکریت پسندوں کی تعداد کے بارے میں میڈیا کو جانکاری دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے جب بھی دراندازی کی کوشش کی جارہی ہے، اس کا سکیورٹی فورسز بڑی کامیابی کے ساتھ جواب دے رہی ہے، اور کسی بھی دراندازی کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی سرحد کے اُس پار یعنی پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کے 16 لانچنگ پیڈ موجود ہیں اور وہ اس پار آنے کی تاک میں رہتے ہے،تاکہ یہاں کے امن وامان کو خراب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے فوج جموں و کشمیر پولیس اور انٹیلجنس اداروں کی جانب سے سخت کارروائی کی جارہی ہے اور آج کا آپریشن بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔