کولگام (جموں و کشمیر):ساؤتھ ایشیا سینٹر فار پیس اینڈ پیپلز ایمپاورمنٹ (SACPPE) نے گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام کے تعاون سے کالج میں ’’معاشرے میں طلباء کا کردار اور اہمیت‘‘ کے موضوع پر ایک سمینار کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کولگام ساحل سرنگل نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ پرنسپل جی ڈی سی کولگام ڈاکٹر سید اعزاز حسین رضوی سمیت پولیس اور کالج کے دیگر افسران بھی موجود رہے جبکہ اس موقع پر درجنوں طلباء نے اپنی شرکت کو بھی یقینی بنایا۔
پرنسپل جی ڈی سی کولگام ڈاکٹر سید اعزاز حسین رضوی نے اس موقع پر طلبہ، حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا: ’’اس سمینار کا بنیادی مقصد معاشرے میں طلباء کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس سمینار سے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔ مقررین میں نائب صدر SACPPE ایس عمر بٹ نے خطبہ استقبالیہ میں کہا: ’’طالب علم ہی ہیں جنہوں نے قوم کی تعمیر کی ہے اور طالب علم ہی ہے جو قوم کا مستقبل ہیں۔ طلباء ایسے سفیروں کی طرح ہوتے ہیں جو معلومات کو شیئر کرتے ہیں اور بعد میں اسے دوسروں تک پہنچاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقاریب صرف کالج کی سطح تک ہی محدود نہیں رہنی چاہئے بلکہ اسے عام کیا جانا چاہئے۔