بانہال - قاضی گنڈ ٹنل پار کرنے سے قبل سبھی گاڑیوں سے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے بعد ہی گاڑیوں کو ٹنل پار کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ اس طرح پچھلے قریب ایک مہینے سے فورلین ٹنل کے اندر جاری مفت ٹرائل کا سلسلہ ختم کر دیا گیا۔
اس ضمن میں مرکزی وزارت برائے ٹرانسپورٹ کے ادارے نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا نے حال ہی میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چھوٹی نجی گاڑیوں کا یکطرفہ ٹول ٹیکس 130 روپے جبکہ دوطرفہ 195 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ منی بسوں، ٹاٹا سومو اور ٹاٹا موبائل، لوڈ کیریر کے علاوہ دیگرچھوٹی مال بردار گاڑیوں کیلئے یکفرطہ ٹول ٹیکس 210 اور دوطرفہ 315 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
بڑی مسافر گاڑیوں اور بڑی مال بردار گاڑیوں کیلئے ٹول ٹیکس کی یکطرفہ شرح 440 روپے اور دوطرفہ 660 روپے مقرر کی گئی ہے۔ 12 پہیوں والی مال بردار گاڑیوں کو 480 اور 720 روپے ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔