کولگام (جموں و کشمیر) :’’عید کے موقع پر قیدیوں خاص کر نوجوانوں کو رہا کیا جانا چاہئے، تاکہ وہ بھی اپنے اہل و عیال کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے نائب صدر اور سابق راجیہ سبھا ممبر نظیر احمد لاوے نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں پارٹی کی ایک ورکنگ کمیٹی گروپ میٹنگ کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ کیا۔ قبل ازیں پیپلز کانفرنس کی جانب سے کولگام میں منعقدہ ورکنگ کمیٹی اجلاس میں پارٹی کارکنان و لیڈران نے مختلف موضوعات پر تبادلہ کیا، جبکہ ضلع سطح پر پارٹی کی تشکیل نو بھی انجام دی گئی۔
ورکنگ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے نذیر لاوے نے حکومت سے جموں و کشمیر میں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر کے باشندے اسمبلی انتخابات کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور انہیں نہ صرف امید بلکہ یقین ہے کہ عوامی مسائل ایک عوامی نمائندہ ہی حل کر پائے گا۔ ‘‘ امرناتھ یاترا کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ کشمیری باشندے صدیوں سے مہمان نوازی کے لیے مشہور ہیں اور ہر بار کی طرح اس بار بھی کشمیری عوام یاتریوں کا نہ صرف استقبال بلکہ ان کی مہمان نوازی بھی روایتی طور انجام دیں گے۔