کولگام (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے پرنہال گاؤں میں پانچ روز قبل لاپتہ ہوئے فوجی اہلکار کو جمعرات کی شام زندہ باز یاب کر لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، کشمیر رینج، وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’کولگام پولیس نے لاپتہ فوجی اہلکار کو باز یاب کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل چیک اپ کے بعد فوجی اہلکار سے پوچھ تاچھ شروع کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ کولگام کے پرنہال علاقے میں پانچ روز قبل ایک فوجی اہلکار اسرار طور پر لاپتہ ہو گیا تھا جس کے بعد اس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی تھی۔ اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ملی ٹینٹوں نے فوجی اہلکار کا اغوا کیا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ فوجی اہلکار کو کس حالت میں باز یاب کیا گیا۔ اور پولیس نے بھی اس ضمن میں کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی ہیں۔