جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اس وقت کہرام مچ گیا جب ایک لیکچرار کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوگئی اور استاد کے فوت ہونے کی خبر سنتے ہی شاگر بھی دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا۔
گزشتہ شب ضلع کولگام کے دیدی پورہ علاقے میں ایک مقامی لیکچرار میسر احمد سہہ کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد کولگام اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
لیکچرار کے فوت ہونے کی خبر سنتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ خواتین سینہ کوبی اور آہ و زاری کرتی ہوئی ان کے گھر کی طرف رخ کرنے لگیں۔ اس منظر کو دیکھتے ہی میسر احمد کے پڑوس میں رہائش پذیر ان کا ایک شاگر، نویں جماعت کا طالب علم، سمیر احمد وانی بے ہوش ہوکر گر پڑا۔
سمیر احمد کو فوری طور پر ضلع اسپتال کولگام پہنچایا گیا جہاں معالجین نے انہیں اننت ناگ میڈیکل کالج اسپتال لے جانے کے لیے کہا، جہاں سمیر احمد جانبر نہ ہو سکے۔