جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں دمحال ہانجی پورہ کے درنگبل علاقے کی آبادی پانی کی ایک ایک بوند کے لیے ترس رہی ہے۔ علاقے کے لوگوں نے محکمہ جل شکتی اور ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے علاقے میں پینے کے پانی کا بندوبست کیے جانے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کر رہے مرد و زن نے احتجاج کے دوران ضلع انتظامیہ سمیت سیاسی رہنمائوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا: ’’مختلف محکمہ جات کے افسران حتی کہ ڈی سی صاحبان نے بھی علاقے کا دورہ کیا، وقتا فوقتاً سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی علاقے کا دورہ کرتے رہتے ہیں، تاہم آج تک کسی نے بھی علاقے میں پانی کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ازالہ نہیں کیا۔‘‘
احتجاج کر رہی کئی خواتین نے کہا کہ انہیں روزانہ مقامی ندی سے پانی حاصل کرنا پڑ رہا ہے اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ایسا ہی کرتی آ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کئی سال قبل محکمہ جل شکتی کی جانب سے ایک ریزروائر تعمیر کیا گیا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اسے فعال نہیں بنایا گیا۔