کولگام:کولگام پولیس نے قاضی گنڈ علاقے میں چار روز قبل پیش آنے والے ایک ہٹ اینڈ رن واقعے جس کے نتیجے میں چار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، کے متعلق کیس کو حل کرکے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کولگام پولیس نے ہٹ اینڈ رن کیس کو حل کرکے اس جرم میں ملوث ملزم ڈرائیور کو گرفتار کیا۔انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ قاضی گنڈ میں ایک اخروٹ فیکٹری کے نزدیک 22 ستمبر کی صبح 6 بجکر 23 منٹ پر اجرو سے آرہی ایک نامعلوم ٹرک نے ایک گاڑی (ماروتی ایکو) زیر نمبر JK06B – 0901 جو بانہال کی طرف جا رہی تھی، کو زور دار ٹکر مار دی۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور ٹرک سمیت جائے واردات سے فرار ہوا تاکہ وہ اپنی اور ٹرک کی شناخت کو چھپا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں ایکو گاڑی کا ڈرائیور اور دیگر 6 مسافر شدید زخمی ہوگئے جن کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور ایمرجنسی ہسپتال قاضی گنڈ پہنچایا گیا جہاں سے ان کو جی ایم سی اننت ناگ ریفر کیا گیا۔
پولیس بیان میں کہا کہا ان زخمیوں میں سے جی ایم سی اننت ناگ میں دوران علاج چار افراد زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
مزید پڑھیں:Road Accident in Qazigund قاضی گنڈ دلدوز سڑک حادثہ میں ڈرائیور سمیت چار افراد ہلاک
ان کا کہنا تھا کہ 'تحقیقات کے دوران ایس ایس پی کولگام کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ قاضی گنڈ کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے اس حادثے میں ملوث ڈرائیور کی شناخت معلوم کرنے اور اس کو گرفتار کرنے کے لئے سی سی ٹی وی، ٹول پلازا، ٹیلی کام و دیگر ذرائع سے شواہد حاصل کرنے کے لئے تمام تر کاوشیں کیں'۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس نے انتھک کاوشوں کے بعد اس ٹرک زیر نمبر JK22- 7103 کو بر آمد کرکے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کیا۔گرفتار شدہ ڈرائیور کی شناخت عارف احمد الٰہی ولد غلام رسول الٰہی ساکن نوگام ویری ناگ اننت ناگ کے بطور کی گئی ہے۔بیان کے مطابق اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔