کولگام (جموں و کشمیر):سی پی آئی ایم کے سینر لیڈر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر ایم وائی تاریگامی نے سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ کی جانب سے دفعہ 370 کی منسوخی کے حوالہ سے دائر کی گئی عرضیوں کی سماعت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’’سپریم کورٹ سے پُر امید ہیں اور جو ناانصافی ریاستی عوام کے ساتھ ہوئی ہے (اب کورٹ کے ذریعے) انہیں انصاف فراہم ہوگا۔‘‘
ایم وائی تاریگامی نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں منعقدہ ایک پروگرام کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ تاریگامی نے کہا: ’’جموں و کشمیر کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ ’اب اس کا پوری طرح الحاق ہوا ہے‘ تاہم جموں و کشمیر پہلے سے ہی بھارت کے ساتھ جڑا ہوا تھا تاہم یہاں کے لوگوں کو آئین کی رو سے کچھ تحفظات فراہم کئے گئے تھے جنہیں یکطرفہ طور پانچ اگست 2019کو چھینا گیا۔‘‘ تاریگامی کا نے کہا کہا ’’ہم زمین و آسمان کا مطالبہ نہیں بلکہ چھینے ہوئے حقوق واپس دئے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘‘