کولگام (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ہر سال مئی کے مہینے میں مقامی باشندے رضاکارانہ اور اجتماعی طور پانزتھ چشمے کی صفائی انجام دیتے ہیں۔ یہ روایت، مقامی باشندوں کے مطابق، دہائیوں سے چلی آ رہی ہے۔ قاضی گنڈ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے لوگ اس روز پانزتھ ناگ میں مچھلیاں پکڑتے ہیں اور مچھلیاں پکڑنے کے عمل کے دوران پانزتھ ناگ کی صفائی ستھرائی بھی انجام دیتے ہیں۔
قاضی گنڈ قصبہ سے محض دو کلومیٹر دور پانزتھ (یعنی پانچ سو چشموں کا منبع) چشمے کا پانی نہ صرف مقامی درجنوں دیہات کے پینے کے پانی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے بلکہ سینکڑوں کنال زرعی اراضی کو بھی سیراب کرتا ہے۔ مقامی باشندوں نے اس حوالہ سے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’یہ روایت زمانہ قدیم سے چلی آ رہی ہے اور اس روز مقامی باشندے روایتی طور مچھلیاں پکڑنے کے بہانے چشمے کی صفائی کرتے ہیں۔‘‘ ایک مقامی بزرگ نے بتایا کہ اس نے اپنے آباء و اجداد کو بھی چشمے کی صفائی کرتے ہوئے دیکھا ہے اور پانزتھ چشمے کی صفائی ضرورت کے ساتھ ساتھ اب ایک روایت بھی بن چکی ہے۔