کولگام (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں جی 20سمٹ کے حوالہ سے واکتھان (Run for G-20 Walkathon) کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ ڈی سی کولگام، ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، نے منی سیکریٹریٹ میں ہری جھنڈی دکھا کر اسکولی طلبہ کے مختلف گروپ ریلیز (Group Rallies)کو روانہ کیا۔ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کو جی 20کے بارے میں جانکاری دی گئی اور پروگرام یہاں کے منی اسپورٹس اسٹیڈیم میں اختتام پزیر ہوا۔
واکتھان کا انعقاد ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کولگام نے کیا تھا جس میں مختلف تعلیمی زونز، فیکلٹی اور غیر تدریسی عملے کے 1500 اسکولی بچوں نے شرکت کی، مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے ریلی اسپورٹس اسٹیڈیم کولگام میں اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی کولگام نے کہا کہ ’’اس تقریب کا مقصد بھارت کی G20 سمٹ کی صدارت کے پیغام کو عام کرنا ہے خاص کر طلبہ کو خصوصی پروگرامز کے ذریعے بچوں کو باخبر کرنا ہے۔‘‘