کولگام (جموں کشمیر) :جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں چوروں کی ایک گینگ کو 24 گھنٹوں کے اندر ہی بے نقاب کرکے 7 نقب زنوں کو گرفتار کرکے کم از کم 10 سے 12 لاکھ روپیے مالیت کا مال مسروقہ بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کولگام پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اس حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ چوری، نقب زنی سے متعلق کئی شکایتیں موصول ہونے پر متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے ایس پی ہیڈ کوارٹرز غلام محمد بٹ کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔
کولگام پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران ایان شمیم ولد محمد شمیم حلوائی ساکن بجنور، یو پی حال رنگریز پورہ کولگام کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا۔ کولگام پولیس کے مطابق ’’دوران پوچھ تاچھ ایان شمیم نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ جرم مزید 6 افراد - جن کی شناخت شاہد شیخ ولد محمد جاسم شیخ ساکنہ دہلی حال سری نگر، فرمان احمد ولد حنیف انصاری ساکنہ بجنور یو پی، محمد عامر ولد محمد یاسین ساکنہ یو پی، مدثر حبیب ولد حبیب اللہ میر ساکن شالی پورہ سوپور، بہر عالم ولد منی احمد ساکنہ یو پی کے طور پر ہوئی ہے - کے ساتھ مل کر انجام دیا۔‘‘ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان سات افراد میں ایک کم عمر بھی شامل ہے۔