کولگام (جموں کشمیر): جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ڈسٹرکٹ اسپتال کے ایک نجی سیکورٹی گارڈ کو ’’میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ اسپتال کولگام‘‘ کے سرکاری بینک اکاؤنٹ سے 33 لاکھ روپے نکالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیکورٹی گارڈ کو کولگام اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے سرکاری اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی کے ذریعے 33 لاکھ روپے نکالنے کے الزام میں گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
آفیشلز کے مطابق ’’جوں ہی میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کو معلوم ہوا کہ اس کے سرکاری اکاؤنٹ سے ان کی معلومات کے بغیر ہی اتنی بڑی رقم نکالی گئی ہے، اس نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔‘‘ پولیس نے فوری طور پر تحقیقات شروع کی اور پولیس تحقیقات کے دوران معلوم ہو اہے کہ ملزم سیکورٹی گارڈ - جس کی شناخت گوہر احمد ٹھوکر ولد عبدالرشید ساکنہ شوژ، کولگام کے طور پر کی گئی ہے - اکثر و بیشتر میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کے اکاؤنٹ سے رقم نکالتا تھا۔ اور گوہر احمد نے جعلی دستاویز تیار کرکے دھوکہ دہی سے بینک سے رقم اڑا لی۔