پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
محبوبہ مفتی نے بی جے پی سے دفعہ 370 کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: ’’اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے ابھی بھی وقت ہے مرکزی سرکار ہوش کے ناخن لے اور فوراً سے پیشتر جموں و کشمیر کا چھینا ہوا تشخص واپس لوٹائے۔‘‘
محبوبہ مفتی نے کہا: ’’مرکزی سرکار نے غیر آئینی اور غیر اخلاقی طور پر دفعہ 370 کو منسوخ کرکے یہاں کے لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاسی کارکنان اور طلبہ پر ظلم و زیادتی کا سلسلہ شروع کیا جو ابھی بھی جاری ہے۔‘‘
انہوں نے مرکزی سرکار سے مذاکرات شروع کیے جانے سے متعلق کہا: ’’افغانستان میں بھی سپر پاور ملک کو بالآخر مذاکرات کا ہی سہارا لینا پڑا۔ بھارت کی سرکار کو بھی یہ جاننا چاہئے کہ مسئلۂ کشمیر کا حل صرف بات چیت میں ہی مضمر ہے۔‘‘
عوامی جلسے سے خطاب کے بعد محبوبہ مفتی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا: ’’مرکزی سرکار دھونس دباؤ سے کام لے رہی ہے، ابھی بھی کشمیر کے سیاسی کارکنان اور طلبہ مختلف جیلوں میں قید ہیں۔‘‘