کولگام:حفاظتی اہلکاروں نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں کالعدم جیش محمد (JeM) سے وابستہ عسکریت پسندوں کے چھ معاونین کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حفاظتی اہلکاروں کو ضلع کولگام کے میرہامہ اور دمحال ہانجی پورہ علاقوں میں تخریبی اور ملک دشمن سرگرمیوں کو انجام دئے جانے کے حوالہ سے ایک مخصوص اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی 9راشٹریہ رائفلز (9RR) نے کارروائی انجام دیتے ہوئے چھ افراد کو حراست میں لے لیا۔
حفاظتی اہلکاروں نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے ایک ملزم کی نشاندہی پر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ برآمد کیے گئے اسلحہ میں ایک پستول، ایک پستول میگزین، پستول راؤنڈ 18 نمبر، ایک دستی بم، UBGL شیل 04 نمبر، اے کے 47 کے 30 راؤنڈز، M4 راؤنڈز 446 راؤنڈز، آٹھ M4 میگزین، ایک عدد اے کے 47 میگزین، ایک Insas میگزین، دو مارٹر شیل، ایک وائرلیس سیٹ اور چار واکی ٹاکی سمیت مجرمانہ مواد بھی شامل ہے۔