کشتواڑ:جموں وکشمیر پولیس نے کشتواڑ میں عسکریت پسند معاون کی گرفتاری عمل میں لاکر اس سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل کیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ پولیس نے ملک مخالف سرگرمیوں کی پادائش میں جنگجو معاون عبدالکریم بٹ کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عبدالکریم بٹ کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبدالکریم بٹ حزب کمانڈر جہانگیر سروری کا بھائی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عبدالکریم بٹ کے خلاف این آئی اے کورٹ میں ایک مقدمہ چل رہا ہے اور یہ کہ وہ ملک مخالف سرگرمیوں میں مسلسل ملوث رہا ہے۔
ان کے مطابق ضلع میں نوجوانوں کو بنیاد پرستی کی طرف مائل کرنے میں بھی وہ پیش پیش رہا ہے اور اس کے خلاف پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کرنا ناگزیر بن گیا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسند معاون کارکو ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔