جموں:جموں وکشمیر پولیس پاکستان یا پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں مقیم ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے مختلف تنظیموں سے وابستہ 36 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کے لئے بہت جلد انٹرپول کے ساتھ رابطہ قائم کرسکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے 36 عسکریت پسندوں کو پکڑنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس بہت جلد انٹر پول کے ساتھ رابط قائم کر سکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے 36 عسکریت پسند جو پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں مقیم ہیں کی پہلے ہی شناخت مکمل ہو چکی ہے اور اب انہیں گرفتار کرنا باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام شناخت شدہ افراد کی فہرست تیار کی گئی ہے اور ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے ہیں اور اب انہیں انٹر پول کی مدد سے گرفتار کرنے کی خاطر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اشتہاری قرار دئے گئے مذکورہ عسکریت پسند سوشل میڈیا سائٹوں کا سہارا لیکر مقامی نوجوانوں کو عسکریت پسند صفوں میں شامل کرانے کی خاطر انہیں اکسا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ عسکریت پسندوں کو ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن میں ملیٹینسی کو پھر سے فروغ دینے کی خاطر کام سونپا گیا ہے اور اس حوالے سے پولیس کو کچھ سراغ بھی ملے ہیں۔