سرینگر (جموں کشمیر) :جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں منگل کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 3.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 5 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق کشتواڑ میں زلزلہ یہ جھٹکے منگل کی صبح 8 بجکر 53 منٹ پر محسوس کئے گئے۔
قبل ازیں، ماہ رواں کی 4 تاریخ کو بھی اس ضلع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ تاہم اس دوران بھی کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی کشتواڑ اور لداخ یونین ٹیریٹری میں دو درجن سے زائد زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلوں کے خوف ناک جھٹکوں سے عوام میں کافی دہشت پائی جا رہی ہے کیونکہ جموں وکشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار میں آتا ہے۔