کشتواڑ (جموں و کشمیر) :پہاڑی ضلع کشتواڑ کے چوگان میدان میں دو روزہ کرکٹ کوچنگ سیشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ سیشن کا افتتاح ڈپٹی کمشنر کشتواڑ، ڈاکٹر دیوانش یادو، نے کیا۔ اس موقع پر یوتھ کلب، کشتواڑ سے وابستہ چار سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں کشتواڑ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات شامل ہیں۔ کشتواڑ کے چوگان میدان میں پہلی مرتبہ مقامی کھلاڑیوں کو جموں سے آئے رانجی سطح کے کرکٹ کھلاڑیوں نے ٹریننگ دی۔
ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے یوتھ کلب کشتواڑ کے سبھی ممبران کو مبارک باد پیش کی اور ضلع کے سبھی نوجوانوں خاص کر طلبہ و طالبات کو کھیل کود کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے اور اس طرح کے اوینٹس سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز سے پنہاں ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں ٹریننگ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے کھیل مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جنہیں اسٹیٹ لیول کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔