ترواننت پورم:اسرو امتحان میں نقل کے معاملے میں کیرالہ پولیس کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس معاملے میں سازش کار سمیت ہریانہ سے مزید تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترواننت پورم سٹی پولیس کمشنر ناگاراجو چکلم نے کہا کہ گرفتار کیے گئے تین افراد میں سے دو اس معاملے میں اہم کڑیاں ہیں۔ گرفتار تیسرا ملزم امیدوار ہے۔ ان ملزمان کو کیرالہ پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔ ہریانہ سے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے وطن واپس لایا جائے گا۔ تازہ گرفتاریوں کے ساتھ اس معاملے میں کل تعداد 9 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ملزمان کو ٹرین کے ذریعے کیرالہ لانے کے لیے تفتیشی ٹیم کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔
خصوصی تفتیشی ٹیم کا ایک حصہ مزید چھان بین کے لیے ہریانہ میں رہے گا۔ کمشنر نے یہ بھی کہا کہ واقعے کے دیگر ملزمین پولیس کی نگرانی میں ہیں۔ اس سے پہلے اسرو کے بھرتی امتحان نقل معاملے میں کیرالہ سے چھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ امتحان میں نقل کا واقعہ اتوار (20 اگست) کو صبح 10 بجے VSSC (وکرم سارابھائی اسپیس سنٹر) کے لیے بھرتی امتحان کے دوران پیش آیا۔
وکرم سارا بھائی خلائی مرکز (VSSC) کے لیے تکنیکی عملے کی بھرتی کے لیے ISRO کے ذریعے کرائے گئے امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ سب سے پہلے، ہریانہ کے دو باشندوں کو ترویندرم میں منعقدہ امتحان کے دوران ہائی ٹیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نقل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پولس نے مشتبہ امیدواروں کو ترویندرم کے کاٹن ہل اسکول اور پٹم اسکول سے گرفتار کیا۔ وہ امتحان کے دوران ہیڈسیٹ اور موبائل فون کا استعمال کرکے نقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔