نئی دہلی: راہل گاندھی لوک سبھا کے رکن کے طور پر بحال ہونے کے بعد پہلی بار دہلی میں اپنی رہائش گاہ سے جمعہ کو کیرالہ کے وایناڈ میں اپنے پارلیمانی حلقہ کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے پیر کو راہل گاندھی کی رکنیت بحال کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے 4 اگسٹ کو مودی کنیت معاملے میں ان کی سزا پر روک لگادی تھی۔
قبل ازیں منگل کو کیرالہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر وی ٹی صدیق نے کہا کہ "راہل گاندھی 12 اگست کو وائناڈ آ رہے ہیں۔ ہم ان کے لیے پرتپاک استقبال کا انتظام کرنے جا رہے ہیں اور راہل گاندھی کے استقبال کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ ضلع کانگریس کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے۔ راہل گاندھی 12 اور 13 اگست کو اس اجلاس میں موجود ہوں گے۔ صدیق نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی کا وائناڈ کی تاریخ میں بہت گرمجوشی سے استقبال کیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی ذرائع کے مطابق راہل گاندھی کو 12 تغلق لین والا بنگلہ بھی دوبارہ الاٹ کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر راہل گاندھی کو بنگلہ الاٹ کرنے کے لئے اسٹیٹ آفس سے باضابطہ تصدیق نامہ بھی موصول ہوا ہے۔