اطلاعات کے مطابق اس سانحہ میں تقریباً 85 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ سائٹ پر ریسکیو کا کام جاری ہے۔ یہ اطلاعات کیرالہ کے وزیر ایم ایم مانی نے دی ہیں۔
ریاست کیرالہ میں موسلادھار بارش، زمین کھسکنے اور تودہ گرنے اور دریائے میناچل کی سطح آب میں اضافے سے ریاست میں کہرام مچا ہوا ہے۔ چاروں طرف تباہی ہی تباہی نظر آرہی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے فصلیں برباد ہوگئیں ہیں۔ ندیوں کی سطح میں اضافہ ہونے سے مکانات پانی میں ڈوب چکے ہیں۔
کیرالہ کے ضلع کوٹایم کے پونجر نگر میں شدید بارش کی وجہ سے دریائے میناچل کی آبی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے حالت یہ ہی کہ ندی کا پانی پل کے اوپر بہہ رہا ہے۔
کیرالہ کے وزیر اعلی پنرائی وجین نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈ سے متاثرین کو بچانے کے لیے قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کو اڈوکی کے راجمالا میں تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس، فائر بریگیڈ، جنگل اور محصولات کے عہدیداروں کو بھی امدادی کاموں کو تیز لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فائر اینڈ ریسکیو اہلکاروں کی 50 رکنی ٹیم کو لینڈ سلائیڈنگ سائٹ پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ کیرالہ کے وزیر ایم ایم مانی نے آگاہ کیا ہے کہ امدادی کارروائی جاری ہے اور اڈوکی کا دورہ میں بذات خود کروں گا۔