ترواننت پورم: کیرالہ پولیس نے سٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کے ریاستی سکریٹری کی شکایت کے بعد ایشیانیٹ نیوز کے رپورٹر سمیت پانچ لوگوں کے خلاف جعلسازی، سازش اور ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا نے مہاراجہ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر وی ایس جوئے، محکمہ آثار قدیمہ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ونود کمار کلولوکل، کے ایس یو کے ریاستی صدر الوسیئس زیویئر، کے ایس یو یونٹ کے انچارج سی اے فاضل اور ایشیا نیٹ نیوز کی رپورٹر اکھیلا نند کمار کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ایس ایف آئی کے ریاستی سکریٹری پی ایم آرشو نے شکایت درج کرائی ہے، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ مہاراجہ کالج نے جان بوجھ کر ایک ایسے امتحان کے جھوٹے نتائج شائع کیے جس میں اس نے رجسٹریشن بھی نہیں کروایا تھا، جس کا مقصد انہیں ذلیل اور بدنام کرنا تھا۔ آرشو نے مزید دعویٰ کیا کہ رپورٹر اور دیگر افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ غلط معلومات پھیلائیں۔ کالج کی ویب سائٹ پر نتیجہ ظاہر ہونے کے بعد تنازعہ کھڑا ہوگیا، جہاں پی ایم آرشو کے نمبر ان کی مارک شیٹ میں صفر دکھائے گئے، لیکن انہیں امتحان میں کامیاب دکھایا گیا۔