ترواننت پورم: منی پور تشدد پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے کہا کہ ملک کے تمام سیکولر ذہن رکھنے والے لوگوں کو سنگھ پریوار کے ایجنڈے کے خلاف اٹھنا چاہیے جس کا مقصد شمال مشرقی ریاست کو 'فسادات کی سرزمین' میں تبدیل کرنا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر (سی ایم او) کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس بیان میں وجین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک کی سیکولر برادری کو سنگھ پریوار کے ایجنڈے کو تسلیم کرنا چاہئے، جس کا ایجنڈا نفرت پھیلنا ہے اور اقتدار کی سیاست کی خاطر منی پور کو فسادات کی سرزمین میں تبدیل کرنا ہے۔
کیرالہ کے وزیر اعلی نے سرکاری بیان میں مزید کہا کہ دو ماہ سے زائد عرصے سے جاری نسلی فسادات کو صرف تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا سکتا ہے۔ جہاں کے خوفناک مناظر انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔ کوکی برادری کی خواتین کو مشتعل ہجوم نے انتہائی حقیر اور وحشیانہ انداز میں شکار کیا اور حالیہ جاری کردہ ویڈیو فسادات کے آغاز کے کے دنوں کا ہے۔ سی ایم نے مزید دعویٰ کیا کہ منی پور کی پہاڑیوں اور وادی کے لوگوں، جن میں تاریخی اختلافات ہیں، کو فرقہ وارانہ آگ بھڑکا کر مزید الگ کیا جا رہا ہے۔