ترواننت پورم: کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے منگل کو ارناکولم ضلع کے ایلانتھور میں دو خواتین کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ نے انسانی روح کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس نے 26 ستمبر کو کداونتر پولیس میں درج ایک گمشدگی معاملے کی تحقیقات کے دوران اس بربریت کے راز سے پردہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ملزمان نے کہا ہے کہ قتل توہم پرستی کے تحت کیا گیا ہے۔ Pinarayi Vijayan Condemns Human Sacrifice
انہوں نے کہا کہ پولیس نے مکمل تفتیش کے بعد گمشدگی کے معاملے سے دوہرے قتل کا سراغ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا “ ایسے رجحانات کے خلاف سماجی چوکسی کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ہر کسی کو اس طرح کی برائیوں کی نشاندہی کرنے اور لوگوں کے علم میں لانے اور انہیں روکنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس جرم میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد انصاف کے دائرے میں لانے کے لیے مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کیرالہ اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر وی ڈی ستیشن، مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن اور ریاستی بی جے پی صدر کے سریندرن نے بھی اس قتل کی مذمت کی اور حکومت سے اپیل کہ وہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔